بیبی لبابہ بنت عبید اللہ سلام اللہ علیہا
لبابہ بنت عبید اللہ بن عباس بن عبد المطلب اپنے عصر کی افضل خواتین میں سے تھیں، نسب، پاکیزگی اور عفت میں اعلیٰ مقام رکھتی تھیں؛ کیونکہ ان کا تعلق ہاشمی خاندان سے تھا۔
یحییٰ بن حسین کی مخطوطہ کتاب “النسب” میں ان کا نام (امامہ) آیا ہے، جو ایک منفرد نسخہ ہے، اور غالباً یہ (امامہ) کا (لبابہ) سے تصحیف ہے کیونکہ وزن اور رسم الخط میں دونوں میں بہت مشابہت ہے۔
سید اعرجی نے “مناہل الضرب” میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حضرت عباس علیہ السلام کی زوجہ لبابہ بنت عبداللہ ہیں، تو اُنھوں نے کہا: (لبابہ بنت عبد اللہ نے عباس بن امیر المؤمنین علیہ السلام سے نکاح کیا)، حقیقت میں یہ اس کتاب کی نمایاں غلطیوں میں سے ہے۔
شیخ حسین ہادی قرشی اور محمد علی یوسف اشیقر نے ان کا نام (لبانہ) ذکر کیا ہے۔
بیبی لبابہ کے والد عبید اللہ بن عباس ہیں، جو عرب کے سخی لوگوں میں شمار ہوتے تھے اور امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی خلافت میں یمن کے حاکم تھے، لیکن عبید اللہ نے یمن کو اس حملے کے سبب چھوڑ دیا جو معاویہ بن ابی سفیان کے حکم سے ہوا اور لشکر کی قیادت بسر بن ابی ارطاۃ کر رہا تھا، چنانچہ بسر کا کارنامہ اخلاق و عزت کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے جرائم سے بھرا ہوا تھا
بیبی لبابہ کی والدہ ام حکیم جویریہ بنت خالد بن قرظ کنانیہ ہیں، جو اپنے زمانے کی عقلمند ترین خواتین میں تھیں۔ جب بسر بن ابی ارطاۃ نے اُن کے دو بیٹوں عبدالرحمن اور قثم کو، جو چھوٹے بچے تھے، اُن کے سامنے قتل کر دیا، تو وہ صبر کھو بیٹھیں اور شدید غم میں مبتلا ہو گئیں، وہ گھر میں اپنے بال بکھیر کر اُن کے حق میں یہ مرثیہ پڑھتی تھیں:
یا من أحسّ بابنيَّ اللذين هما
كالدرّتين تشظّى عنهما الصدف…
یہ اشعار سن کر یمن کے ایک شخص کو اُن پر رحم آیا، اُس نے بسر سے قریبی تعلق قائم کیا حتیٰ کہ اُس کا اعتماد حاصل کر لیا، پھر اُس نے چال چلی اور بسر کے دو بیٹوں کو قتل کر دیا، اُنھیں وادی اوطاس میں لے جا کر قتل کیا اور خود بھاگ گیا۔
جب امیرالمومنین علیہ السلام کو اِن کی موت کی خبر ملی تو اُنھوں نے بسر کے خلاف بددعا کی:
«اے اللہ! اُس سے اُس کا دین اور عقل چھین لے»، چنانچہ بسر دیوانہ ہو گیا یہاں تک کہ وہ اپنے پاخانے سے کھیلتا اور حاضرین سے کہتا: دیکھو یہ دو لڑکے (یعنی عبید اللہ کے بیٹے) مجھے یہ پاخانہ کیسے کھلاتے ہیں؟ پھر اُس کے ہاتھ پیچھے کی طرف باندھ دیے گئے تاکہ وہ ایسا نہ کر سکے، مگر ایک دن وہ اپنی جگہ سے بھاگا اور اپنے منہ سے وہ چیز پکڑنے لگا، تو اُسے روکا گیا، تو اُس نے کہا: تم مجھے روکتے ہو جبکہ عبدالرحمن اور قثم مجھے یہ کھلاتے ہیں؟ اور وہ اسی حالت میں رہا یہاں تک کہ 86 ہجری میں ولید بن عبدالملک کے دور میں مر گیا۔
بیبی لبابہ کے شوہر حضرت عباس بن علی بن ابی طالب بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فہر بن مالک بن نضر بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان ہیں۔
روایات سے حضرت عباس علیہ السلام کی شادی کی تاریخ واضح نہیں ہوتی، البتہ جب امیرالمومنین علیہ السلام کی شہادت کے وقت عباس کی عمر چودہ سال تھی، تو اس بنیاد پر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اُن کا نکاح امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے دور میں ہوا ہوگا۔
روایت ہے کہ لبابہ نے عباس علیہ السلام کے بعد زید بن حسن بن امیرالمومنین علیہما السلام سے نکاح کیا، جس سے اُن کے ہاں نفیسہ پیدا ہوئیں، جن کا نکاح ولید بن عبدالملک بن مروان سے ہوا۔
اور ایک تیسری روایت کے مطابق انھوں نے زید بن حسن کے بعد ولید بن عتبہ بن ابی سفیان سے نکاح کیا، جس سے اُن کے ہاں قاسم پیدا ہوئے۔
تاہم دونوں روایات کو قبول نہیں کیا جا سکتا؛ کیونکہ ہمیں کوئی معتبر اور قابل اعتماد ماخذ نہیں ملا، اس کے علاوہ عباس (علیہ السلام) تو عصمت صغریٰ کے حامل ہیں، تو پھر اُن کی زوجہ کسی دوسرے شخص سے کیسے نکاح کر سکتی ہے؟ درحقیقت لبابہ نے سیدہ زینب علیہا السلام کا ساتھ طف کے سفر میں دیا، اور اگرچہ وہ اپنی جوانی کے بہار میں تھیں، مگر عباس علیہ السلام کی جدائی کا صدمہ اُن کے لیے اتنا بڑا تھا کہ وہ اسے برداشت نہ کر سکیں اور راضی خالق حقیقی سے جاملیں۔
اُن کی اولاد کی تعداد کے بارے میں اقوال اور روایات میں بہت اختلاف ہے۔ بعض نے صرف ایک (عبید اللہ بن عباس) پر اکتفا کیا ہے، اور زیادہ تر مآخذ نے اسی کی طرف اشارہ کیا ہے: شرح الأخبار، سر السلسلہ۔
اور بعض نے کہا کہ عباس کی اولاد یہ ہیں: حسن بن عباس، عبید اللہ، محمد، فضل، اور قاسم۔ اور بعض نے کہا کہ اُن کی دو بیٹیاں بھی تھیں۔
ابن شہر آشوب نے “مناقب آل ابی طالب” میں ذکر کیا کہ محمد بن عباس طف کے شہداء میں اپنے والد کے ہمراہ تھے، جبکہ حسن کا ذکر ابن قتیبہ نے “المعارف” میں کیا ہے اور اُن کی والدہ ام ولد تھیں، اور برّی نے “الجوہرۃ فی النسب” میں۔
اور کچھ ایسے ہیں جنھوں نے صرف عبید اللہ کا ذکر کیا اور نسل کو اسی میں محدود کیا، اور عبید اللہ بچہ تھا جب اُس کے والد شہید ہوئے، وہ مدینہ میں اپنی والدہ کے پاس رہا، اور جب عباس کی والدہ کو حسین اور اپنے چار بیٹوں کی شہادت کی خبر پہنچی تو وہ عبید اللہ کو اپنے کندھے پر اٹھا کر بقیع مدینہ جاتیں اور اپنے چار بیٹوں کا نوحہ کرتیں، جیسا کہ “عمدة الطالب”، “سبائک الذہب” اور “جمہرۃ انساب العرب” ابن حزم میں مذکور ہے۔
شیخ باقر شریف قرشی نے اپنی کتاب “العباس بن علی رائد الکرامۃ والفداء فی الاسلام” میں اشارہ کیا ہے کہ عباس (علیہ السلام) کو “ابو الفضل” کنیت سے پکارا جاتا تھا اور یہ کنیت اس لیے تھی کہ اُن کا ایک بیٹا تھا جس کا نام فضل تھا، اور یہ کنیت اُن کی عظیم ذات کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، اگرچہ اُن کا کوئی بیٹا اس نام سے نہ ہوتا تب بھی وہ واقعی “ابو الفضل” تھے، کیونکہ وہ فیض کا سرچشمہ تھے، اپنی زندگی میں اپنے فضل اور عطا سے لوگوں کو نوازتے تھے۔
انھیں “ابو القاسم” بھی کہا جاتا تھا، کیونکہ اُن کا ایک بیٹا (قاسم) تھا، اور بعض مؤرخین نے ذکر کیا ہے کہ وہ طف کے دن اُن کے ساتھ شہید ہوئے، اور اُنھوں نے خود کو اللہ کے دین پر قربان کیا اور رسول اللہ کے ریحانہ (امام حسین) کے فدیہ کے طور پر پیش کیا۔
ماہرین انساب اس بات پر متفق ہیں کہ عباس بن امیرالمومنین کی نسل صرف اُن کے بیٹے عبید اللہ میں منحصر ہے، اور شیخ فتونی نے اردوبادی کے حوالے سے حسن کی اولاد کا بھی اضافہ کیا ہے، اور عبید اللہ بڑے علماء میں سے تھے، خوبصورتی، کمال اور مروت کے حامل تھے، 155 ہجری میں وفات پائی۔
اُنھوں نے تین معزز خواتین سے نکاح کیا: رقیہ بنت حسن بن علی، معبد بن عبداللہ بن عبدالمطلب کی بیٹی، اور مسور بن مخرمہ زبیری کی بیٹی۔ اور عبید اللہ کی نسل اُن کے بیٹے حسن میں منحصر ہوئی، اور اُن کے پانچ بیٹے تھے: فضل، حمزہ، ابراہیم، عباس، اور عبید اللہ، یہ سب بزرگ، فضیلت اور ادب کے مالک تھے، جیسا کہ “سر السلسلۃ العلویہ” اور “انساب الطالبیین” میں مذکور ہے۔
رہے ابو الفضل (یعنی فضل بن حسن)، تو وہ متکلم، سخت دین دار اور بے پناہ بہادر تھے، انھیں “ابن الہاشمیہ” کہا جاتا تھا، اُن کی اولاد تین تھی: جعفر، عباس اکبر، اور محمد، اور اُن میں سے ہر ایک کی اولاد تھی جن میں ادیب تھے، جیسا کہ “عمدة الطالب”، “تاریخ بغداد”، “تاریخ الاسلام” للذهبی، اور “تہذیب التہذیب” میں آیا ہے۔
اور کچھ لوگوں نے یہ رائے دی ہے کہ عباس کی کوئی اولاد نہیں تھی، حقیقت میں یہ صحیح نہیں اور اس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ ہم اس پیش کش سے روایات کی کثرت اور کسی خاص معاملے یا واحد رائے پر متفق نہ ہونے کو دیکھ سکتے ہیں۔
یہ بعید نہیں کہ عباس اپنے اہل و عیال کو کربلا لائے ہوں، جیسا کہ طف کے بیشتر شہدا اپنے اہل و عیال کو لائے تھے، اور راویوں نے عاشورہ کے دنوں میں ذکر کیا ہے کہ عباس کے لیے الگ خیمہ تھا، اور شہادت سے پہلے وہ اس خیمے میں آئے اور اپنی بیوی اور بچوں سے رخصت ہوئے۔
چنانچہ بیبی لبابہ نے اپنے شوہر کا ساتھ دیا، اُن کی حمایت کی اور اُنھیں اپنے بھائی حسین (علیہ السلام) کے ساتھ کھڑے ہونے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی، اور وہ حکومت کے خلاف مقابلہ کرتی رہیں اور سیدہ زینب (علیہا السلام) کے ساتھ مصائب اور تکالیف بانٹتی رہیں حتیٰ کہ عباس (علیہ السلام) کی شہادت کے بعد بھی، اُنھوں نے عقیلات رسالت (خواتین اہل بیت) کے ساتھ کربلا سے شام تک قیدیوں کے اس المناک سفر میں شرکت کی اور پھر مدینہ منورہ واپسی تک ساتھ رہیں۔
انھوں نے سیدہ زینب (علیہا السلام) کا ساتھ دیا، جنھوں نے اپنے ذمے مختلف کردار اٹھائے جن کا احاطہ کرنا مشکل ہے، ان میں سب سے اہم وہ اہداف تھے جن کے لیے امام حسین (علیہ السلام) نے قیام کیا اور ظلم کے خلاف بغاوت کی، اور اُن کی شہادت کے بعد اُس کردار کو مکمل کیا اور اُس کی تسلسل کو برقرار رکھا، جیسا کہ تاریخ اور مآخذ گواہ ہیں۔
اس سلسلے میں باقر شریف قرشی کہتے ہیں: “ان خواتین نے ابوالشہداء (امام حسین) کی تحریک کو مکمل کرنے میں قابل ستائش کردار ادا کیا، انھوں نے معاشرے کو اُس کی بے حسی سے بیدار کیا، اموی حکومت کا رعب توڑا، اور اس کے خلاف بغاوت کا دروازہ کھولا، اور اگر وہ نہ ہوتیں تو کوئی بھی اس ظلم و جور کے سامنے ایک لفظ نہ بول سکتا، اور یہ بات ہر اس شخص نے سمجھی جس نے امام کے قیام پر غور کیا اور اُس کے ابعاد کا مطالعہ کیا۔”
اُن کی وفات کی تاریخ میں اختلاف ہے، کہا گیا کہ وہ عباس (علیہ السلام) کی شہادت کے دو سال بعد وفات پا گئیں، اور ایک روایت کہتی ہے کہ انھوں نے 63 ہجری میں وفات پائی، اور یہی بات اس کی تصدیق کرتی ہے، اور کہا گیا کہ وفات کے وقت ان کی عمر پچیس سال تھی، اور کہا گیا اٹھائیس سال۔
ماخذ: (ا.م.د. رفاہ عبدالحسین مہدی الفتلوی – جامعۃ کربلاء/ کلیۃ العلوم الاسلامیۃ، بہ تصرف)۔
دمتم في رعاية الله وحفظه